پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا ٹی 20 آج سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا، پاکستان کو تین میچوں کی سیریز میں زندہ رہنے کے لیے اس میچ میں فتح درکار ہے۔
پہلے میچ میں مہمان ٹیم آسٹریلوی بلے باز گلین میکسویل کی جارحانہ اننگز کے سامنے بے بس نظر آئی، جس کی بدولت میزبان ٹیم نے بارش سے متاثرہ 7 اوورز کے میچ میں 29 رنز سے آسان فتح حاصل کی۔ محمد رضوان کی قیادت میں پاکستانی ٹیم کو اب سیریز میں واپسی کے لیے غلطی کی کوئی گنجائش نہیں۔
دونوں ٹیموں کے پہلے میچ کے لیے منتخب کردہ کھلاڑیوں کو برقرار رکھنے کا امکان ہے کیونکہ مختصر میچ سے دونوں ٹیموں کو اپنی بہترین ممکنہ حکمت عملی کے بارے میں زیادہ واضح نہیں ہوسکا۔
سڈنی نے آخری بار نومبر 2022 میں ایک بین الاقوامی ٹی 20 میچ کی میزبانی کی تھی، جس میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو شکست دی تھی۔ یہ یادگار نتیجہ پاکستان کے حوصلے بلند کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
آسٹریلیا کی پچز کی طرح سڈنی کی وکٹ بھی گیند بازوں کو مدد فراہم کرنے کی توقع ہے، لیکن گلین میکسویل جیسے بلے بازوں کو بھی اس پچ پر رنز بنانے کے مواقع مل سکتے ہیں۔
پاکستانی وقت کے مطابق میچ کا وقت: دوپہر 1:00 بجے ہے، ایک مختصر تعطل کے بعد پی ٹی وی اسپورٹس دوبارہ پاکستان کے کیبل نیٹ ورک پر میچ نشر کرے گا، ساتھ ہی ٹین اسپورٹس بھی اس میچ کو دکھائے گا۔ آسٹریلیا کے شائقین کا اس میچ کو دیکھنے کے لیے کایو اسپورٹس اور فاکسٹیل سے رجوع کرسکتے ہیں۔