صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان سیاحت کے لیے روئے زمین پر موجود سب سے خوبصورت ملک ہے جس کا اعتراف آج دُنیا میں کیا جارہا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر گزشتہ روز اپنے پیغام میں صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان میں مہمان نواز لوگ ہیں جو دوسرے ملک سے آنے والوں کی آؤ بھگت اپنے مذہب و ثقافت کا حصہ سمجھتے ہیں۔
وطنِ عزیز پاکستان کی خوبصورتی پر تبصرہ کرتے ہوئے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان میں اونچے اونچے برف پوش پہاڑ، گلیشیئرز، خوبصورت دریا اور پرسکون جھیلیں موجود ہیں۔
صدر عارف علوی نے سیاحوں کو پاکستان آمد کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان قدیم ترین وادئ مہران کی تہذیب اور بعد میں بدھ مت کی جائے سکونت رہا۔پاکستان میں آکر یہاں کی سیر کیجئے۔
ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے ٹوئٹر پیغام کے ساتھ ساتھ ورلڈ انڈیکس کی رینکنگ بھی شیئر کی جس کے تحت 2020ء میں چھٹیاں گزارنے کے لیے سیاحوں کو دنیا کے 20 ممالک کی فہرست مہیا کی گئی ہے جبکہ پاکستان اس میں اوّل نمبر پر ہے۔
Recognition of the most remarkable & beautiful place on earth. Pakistan is a country of hospitable people, tall snow covered peaks, glaciers, beautiful rivers and serene lakes. Cradle of the 'oldest' Indus Valley civilization & then later, the cradle of Buddhism. Visit us & enjoy https://t.co/oiBGX3yPib
— Dr. Arif Alvi (@ArifAlvi) December 22, 2019
یاد رہے کہ اس سے قبل صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے تھیلیسیمیاکے مرض کی بروقت تشخیص احتیاطی تدابیر اور علاج پر زور دیتے ہوئے کہا کہ میڈیا اور مساجد کے ذریعے معاشرے میں آگاہی پیدا کرکے اس مرض کو پھیلنے سے روکا جاسکتا ہے۔
انہوں نے 4 روز قبل تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ احتیاطی تدابیر سے تھیلیسیمیا کے مرض کو روکا جاسکتا ہے،معاشرے میں تھیلیسیمیا کے مریضوں کی فلاح کے لئے اقدامات کرنے ہوں گے۔
مزید پڑھیں: صدرمملکت کا تھیلیسیمیا کی بروقت تشخیص و علاج پر زور