وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان کی گفتگو کی وضاحت ضروری ہے جبکہ ان سے مشرف سزائے موت کے حوالے سے نامناسب بات منسوب کی گئی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ایک نیوز شیئر کی جس میں چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کا سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کی سزائے موت پر ردِ عمل ظاہر کیا گیا ہے۔
خبرپر تبصرہ کرتے ہوئے وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ گفتگو سے تاثر ملتا ہے کہ چیف جسٹس نے مقدمے پر اثر انداز ہونے اور مخصوص فیصلہ حاصل کرنے کے لیے دباؤ ڈالا جبکہ یہ انتہائی نامناسب بات ہے۔
چیف جسٹس پاکستان کی اس گفتگو کی وضاحت ضروری ہے، اس گفتگو سے یہ تاثر ملتا ہے کہ گویا چیف جسٹس مقدمے پر اثر انداز ہوئے اور مخصوص فیصلہ حاصل کرنے کیلئے دباؤ ڈالا، یہ انتہائ نا مناسب بات ہے جو چیف جسٹس پاکستان سے منسوب کی گئ ہے۔ https://t.co/FMD6Lv2PUy
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) December 18, 2019
یاد رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف خصوصی عدالت سے سزائے موت پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک جوڑنے کے لیے گفتگو وقت کی ضرورت ہے۔
ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں گزشتہ روز وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ وقت کے اپنے تقاضے ہوتے ہیں، ایسے فیصلے جن سے فاصلے بڑھیں، ان کا کیا فائدہ؟
وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ ایسے فیصلوں سے تقسیم بڑھ سکتی ہے اور قوم اور ادارے تقسیم ہوسکتے ہیں جبکہ میں مسلسل کہہ رہا ہوں کہ گفتگو کی ضرورت ہے۔
مزید پڑھیں: ملک جوڑنے کے لیے گفتگو وقت کی ضرورت ہے۔ فواد چوہدری