پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گزشتہ روز ضمانت پر رہا ہونے والے پی پی پی رہنما خورشید شاہ سے ملاقات کے کے دوران انہیں ضمانت منظور ہونے پر مبارکباد پیش کی۔
ملاقات کے بعد سکھر میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے جیالے جھوٹے مقدمات سے نہیں جھکائے جاسکتے، مشکل حالات میں خورشید شاہ کا کردار قابلِ تعریف ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پی پی پی رہنما نے جرات مندی سے مقدمے کا سامنا کیا۔ رکنِ قومی اسمبلی خورشید شاہ کا حوصلہ لائقِ تحسین ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں احتساب عدالت نے پیپلز پارٹی رہنما خورشید شاہ کی ضمانت 50 لاکھ روپے کے عوض منظور کر لی۔
سکھر کی احتساب عدالت میں گزشتہ روز آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت ہوئی۔ وکیلِ صفائی نے کہا کہ 90 روز سے خورشید شاہ کو گرفتار کر رکھا ہے، قومی احتساب بیورو (نیب) ریفرنس یا ثبوت پیش کرنے میں ناکام ہے۔
وکیلِ صفائی رضا ربانی نے اپنے مؤکل کے حق میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ خورشید شاہ کے خلاف مقدمہ سیاسی بنیادوں پر قائم کیا گیا، ان سے سیاسی انتقام لیا جارہا ہے۔عدالت قانون کے بہترین مفاد میں خورشید شاہ کو ضمانت عطا کرے۔
مزید پڑھیں: اثاثہ جات کیس: پیپلز پارٹی رہنما خورشید شاہ کی ضمانت منظور