لندن: برطانیہ کے شہر لیور پول سے کم عمر لڑکیوں کے حسن کا مقابلہ جیتنے والی سابق ’مس ٹین‘ پر عدالت نے شدت پسند تنظیم داعش کے جنگجو سے شادی کرنے اور تنظیم کو مالی معاونت فراہم کرنے کا الزام عائد کردیا۔
امانی نور کو پولیس نے گرفتاری کے بعد عدالت میں پیش کیا، جہاں ان پر شدت پسند تنظیم کو مالی معاونت فراہم کرنے سمیت اس کے ایک کارکن سے شادی کرنے اور تنظیم میں شمولیت کرنے کی کوششوں کے الزامات لگائے گئے۔
برطانوی اخبار کے مطابق امانی نور کو چند دن قبل داعش کے ایک جنگجو سے شادی کرنے اور تنظیم کو فنڈ فراہم کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔امانی نور پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنی 20 ویں سالگرہ پر داعش کے ایک جنگجو سے آن لائن شادی کی، جس سے امانی نور کے کچھ عرصہ قبل ہی تعلقات استوار ہوئے تھے۔
امانی نور والدہ کے ساتھ عدالت میں پیش ہوئیں، انہوں نے اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کو مسترد کیا۔ برطانوی اخبار کے مطابق داعش کے جنگجو ’حکیم مائی لو‘ نامی شخص سے امانی نور نے میسیجنگ ایپلی کیشن ’ٹیلی گرام‘ پر شادی کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت میں مسلم مخالف متنازع بل کے خلاف پر تشدد مظاہرے، 6 افراد ہلاک