وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومت نے وزیر اعظم کے بھانجے حسان نیازی کی گرفتاری پر کوئی پابندی نہیں لگائی، خود وزیر اعظم قانون کی حکمرانی کے قائل ہیں۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ملتان میں میڈیا نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے بھی حسان نیازی کی گرفتاری پر کوئی قدغن نہیں لگائی گئی۔ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو جو مناسب لگے، کیا جاسکتا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے لاہور میں واقع دل کے ہسپتال (پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی) پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ انتہائی افسوس ناک تھا جس پر عوام الناس کو بہت دکھ ہے۔
انہوں نے وکلاء برادری اور ڈاکٹرز کے درمیان تصادم پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کی رسہ کشی عام طبقے کے لیے پریشان کن ہے۔ قانون شکنی کی حوصلہ افزائی قابلِ ستائش قرار نہیں دی جاسکتی۔
پاک افغان امن عمل کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمسایہ ملک افغانستان میں ہر صورت امن چاہتا ہے اور جو صورتحال وہاں درپیش ہے، اس کا کوئی عسکری حل پیش نہیں کیا جاسکتا۔
افغان امن عمل میں پاکستان کا کردار تعمیری قرار دیتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم افغانستان میں قیامِ امن کے لیے معاونت فراہم کر رہے ہیں، پاکستان افغان حکام کی بے جا نکتہ چینی پر بھی شدید ردِ عمل نہیں دیتا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے افغان امن عمل کے لیے امریکا کے نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے ملاقات کی جس میں افغان امن عمل پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
زلمے خلیل زاد سے ملاقات کے موقعے پر وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہا طاقت کا استعمال افغان مسئلے کا حل نہیں، پاکستان شروع دن سے اس مؤقف پرقائم ہے، توقع ہے امریکا طالبان مذاکرات جلد بحال ہوں گے۔
مزید پڑھیں: زلمےخلیل زاد پاکستان پہنچ گئے، شاہ محمود قریشی سے ملاقات