اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی نے پی آئی سی واقعے پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔
وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے کور کمیٹی کااجلاس میں بعض ارکان نے انتظامیہ کی جانب سے ایکشن میں تاخیر پر تحفظات کا اظہار کیا تاہم بعض ارکان نے کہاکہ انتظامیہ بروقت کارروائی کرتی تو نقصان کم ہوتا۔
کور کمیٹی میں ملکی سیاسی صورتحال، پارلیمانی امور، احتساب کے عمل کا جائزہ کیا گیا۔کور کمیٹی نے اتفاق کیا کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائیگا۔ کور کمیٹی کا اجلاس تین گھنٹے جاری رہا،کور کمیٹی نے پی اے سی پر حملہ کرنے والوں کے ساتھ رعایت نہ کرنے پر اتفاق کیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیاکہ پی آئی سی حملہ کے واقعہ پر عدلیہ اور وکلاء تنظیموں سے رابطہ کیا جائیگا ۔ اجلاس میں وزیر اعظم نےمعاشی ٹیم کو مبارکباد دی ۔کور کمیٹی میں حماد اظہرنے کی ملکی شرح نمو پر بریفنگ دی ۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہاکہ ملکی معیشت مستحکم ہوچکی ہے،حکومت مہنگائی کے خاتمہ پر بھرپور توجہ دے گی۔وزیر اعظم نے کہاکہ چیف الیکشن کمشنرز اورممبران کی تعیناتی سے متعلق کمیٹی فیصلہ کرے گی،الیکشن کمیشن کے معاملے پر حکومتی کمیٹی کو تمام تر اختیار دیدئیے ہیں۔
اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ وزیراعظم کی زیرصدارت تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں ملکی معاشی اور سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ۔ انہوں نے بتایاکہ عوامی مسائل اور حکومتی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔
انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نے کور کمیٹی کو معاشی اعشاریوں سے متعلق آگاہ کیاانہوں نے کہاکہ مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے حکومت کی بنائی گئی پالیسیوں پر کور کمیٹی نے اطمینان کا اظہار کیا،گورننس میں عوام کو اختیار دینے پر اتفاق کیا گیا ۔
وزیراعظم نے پارٹی رہنمائوں کو ہدایت کی کہ لوکل گورنمنٹ سسٹم کے فعال کردار کے حوالے سے عوام میں آگاہی پیدا کریں۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نے لوکل گورنمنٹ سسٹم سے پہلے تنظیم سازی مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومتوں نے مہنگائی پر قابو پانے کے لیے کریک ڈاؤن سمیت کئی اقدامات اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت کی صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر عوام کو ریلیف دینے کی حکمت عملی کو کور کمیٹی نے سراہا۔
انہوں نے کہاکہ کور کمیٹی نے پی آئی سی میں رونما ہونے والے واقعہ کی شدید مذمت کی،وفاقی حکومت بار کونسل اور وکلاء تنظیموں سے رابطہ کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ قانون کے رکھوالے قانون روندیں گے تو معاشرہ میں جنگل کا قانون بن جائے گا۔
مزید پڑھیں:پی آئی سی حملے کے بعد وکلاء کا احتجاج شروع، صوبے بھر میں ہڑتال کا اعلان کردیا