لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) نے پی آئی سی میں ہنگامی آرائی کے نتیجے میں زیرعلاج مریضوں کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وکلا ء کی طرف سے اسپتال پر حملہ قابل مذمت ہے اور کسی بھی صورت قابل قبول نہیں۔
اپنے بیان میں مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہنگامی آرائی کے نتیجے میں زیرعلاج مریضوں کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات انتہائی افسوسناک ہیں،قانون دان برادری کا قانون شکنی کرنا قابل مذمت ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی وزراء ڈاکٹر یاسمین راشد اور فیاض الحسن چوہان کے ساتھ بد سلوکی بھی قابل مذمت ہے ،بدقسمتی سے یہ منفی روایت خود عمران صاحب اور پی ٹی آئی کی اپنی ڈالی ہوئی ہے ،عمران صاحب اور پی ٹی آئی نے سیاسی مخالفین کے لئے جو بویا تھا آج کاٹنا پڑ رہا ہے ۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب نوازشریف کے حسد اور دشمنی سے باہر نکلیں اور اصل ایشوز کو پہچانیں،آج شہبازشریف کی یاد تو آتی ہوگی ،سوال یہ ہے کہ عمران وبزدار حکومت نے آج کے دن کا انتظارکیوں کیا؟ یہ واقعہ کئی دنوں سے جاری تھا، حکومت نے کیوں اپنا فرض پورا نہیں کیا؟ ۔
مزید پڑھیں: لاہور میں وکلاء کا امراض قلب کے اسپتال پر دھاوا، طبی امداد نہ ملنے پر 6 مریض جاں بحق