میانوالی میں پاکستان ائیر فورس ٹریننگ ائیر بیس پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا گیا ہے۔ سکیورٹی فورسز کے جوانوں نے قومی اثاثہ جات کی بہادری سے حفاظت کی۔
تفصیلات کے مطابق میانوالی میں دہشت گردوں نے پاکستان ائیر فورس ٹریننگ ائیر بیس کو نشانہ بنانے کی کوشش کی جس کا سکیورٹی فورسز کی جانب سے مؤثر جواب دیا گیا ہے۔
ڈی آئی خان میں پولیس وین کے قریب دھماکا، 5 افراد جاں بحق اور 20 زخمی
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ 3 دہشت گردوں کو پاکستان ائیر فورس ٹریننگ سینٹر میں داخل ہونے سے قبل ہی ہلاک کردیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پہلے سے گراؤنڈ کیے گئے 3 طیارے اور فیول باؤزر بھی متاثر ہوئے۔ کارروائی کے دوران 3 دہشت گردوں کے گرد گھیرا تنگ کردیا گیا۔
ترجمان پاک فوج (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقے میں کلیرنس اور کومبنگ آپریشن آخری مراحل میں داخل ہوگیا ہے۔ مسلح افواج دہشت گردی کی لعنت کو ہر قیمت پر ختم کرنے کیلئے پر عزم ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل پنجاب پولیس کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا سے ملحقہ ضلع میانوالی میں ایک پیٹرولنگ پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کو پسپا کر دیا گیا۔
گزشتہ ماہ کے آغاز میں پولیس نے بتایا کہ حملے میں دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے ایک اہلکار شہید ہوا جبکہ دو حملہ آور ہلاک ہوگئے۔