کراچی میں الیکٹرک بس کے ایک روٹ پر کرایہ 50 روپے سے بڑھا کر یکمشت 100 روپے کردیا گیا ہے، جس سے شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ بس کے ایک اسٹاپ سے دوسرے تک کا کرایہ بھی 100 روپے ہی رکھا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شہریوں کی سہولت کیلئے متعارف کرائی جانے والی الیکٹرک بس امیروں کی بس بن گئی۔ الیکٹرک بس ای وی 1 کے روٹ پر جو شاہراہِ فیصل، ایف ٹی سی، کورنگی اور خیابانِ اتحاد سے گزرتا ہے، کرایہ 50 روپے سے بڑھا کر 100 روپے کردیا گیا۔
تشویشناک طور پر یہ کرایہ اس وقت بڑھایا گیا ہے جب ایک جانب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہونے کے باعث شہریوں کو ٹرانسپورٹرز سے کرائے کم کیے جانے کی توقع تھی تاہم الیکٹرک بس انتظامیہ نے کرایہ بڑھانے کی بجائے دو گنا کردیا جس پر متعلقہ علاقوں کے شہری غم و غصے کا اظہار کر رہے ہیں۔
سی پیک کے ذریعے 10ہزار میگا واٹ بجلی کے منصوبے زیر تکمیل
شہریوں کی بڑی تعداد کا کہنا ہے کہ الیکٹرک بس ہو یا ریڈ بس، عوام کی سہولت کیلئے شروع کی گئی ان سروسز سے ایک عام آدمی کا بھلا ہونا چاہئے۔ اسے گھر سے آفس اور آفس سے گھر تک ٹرانسپورٹ کی سہولت اتنے ہی کرائے میں چاہئے جتنی کہ اس کی جیب اجازت دیتی ہے۔
عوام کا کہنا ہے کہ کرایہ نہ صرف 50 سے بڑھا کر 100 روپے کیا گیا ہے بلکہ ایک اسٹاپ سے دوسرے اسٹاپ تک کا کم سے کم کرایہ بھی 100 روپے رکھا گیا ہے جو کراچی کے شہریوں کے ساتھ ناانصافی ہے۔