مشہور ڈرامہ سیریل خدا اور محبت میں عمران عباس اور سعدیہ خان کی جوڑی کو خوب پسند کیا گیا تھا، تاہم اب ایسی خبریں آرہی ہیں کہ دونوں جلد ایک ساتھ ایک نئے پراجیکٹ میں نظر آئینگے۔
حال ہی میں عمران عباس نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر سعدیہ خان کے ہمراہ اپنی کچھ تصاویر پوسٹ کیں، اداکار نے تصویر کے ساتھ کیپشن میں لکھا کہ ہم بہت جلد واپس آرہے ہیں۔
ایسی اطلاعات سامنے آرہی ہیں کہ ڈرامہ انڈسٹری کی یہ مشہور جوڑی فہیم برنی کے پراجیکٹ میں ساتھ نظر آئے گی۔ عمران عباس اور سعدیہ خان کے مداح یہ خبر سن کر بہت زیادہ خوش ہیں اور اُن کیلئے نیک خواہشات کا بھی اظہار کررہے ہیں۔
کام کے محاذ پر عمران عباس کو حال ہی میں ڈرامہ سیریل ’احرامِ جنون‘ میں دیکھا گیا۔ اُن کے مشہور ڈراموں میں میری ذات زرہ بے نشان، خدا اور محبت، کوئی چاند رکھ، تم کون پیا، محبت تم سے نفرت ہے اور نورالعین شامل ہیں۔