کراچی: بین الاقوامی مارکیٹ میں پیٹرول کی قیمت 12ڈالر کم ہونے کے باعث پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات 38روپے فی لیٹر تک سستی ہونے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمت 12 ڈالر تک گرکر 102 ڈالر فی بیرل کی سطح تک آگئی جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 9 ڈالر فی بیرل کمی ہوئی۔ نئی قیمت 117ڈالر تک گر گئی۔
پاکستان میں بھی پیٹرول کی قیمت میں 38روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 18روپے فی لیٹر تک کمی کی توقع کی جارہی ہے تاہم نگران حکومت کی جانب سے قیمتوں میں کمی کا فیصلہ 15اکتوبر تک سامنے آئے گا۔
گزشتہ ماہ 30ستمبر کو بھی نگران حکومت نے پیٹرول کی قمت 8روپے فی لٹر کم کی، نئی قیمت 323روپے 38پیسے ہوگئی۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 11روپے کمی کے ساتھ نئی قیمت 318روپے 18پیسے تک آگئی۔
وفاقی وزارت خزانہ کا کہنا تھا کہ حالیہ دنوں میں بین الاقوامی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تبدیلی اور پاکستانی کرنسی کی قدر میں استحکام دیکھا گیا۔یہی صورتحال سامنے رکھتے ہوئے پیٹرولیم کی قیمتیں کم کی گئیں۔
نئی قیمتوں کا اطلاق یکم اکتوبر سے ہوگیا۔ واضح رہے کہ نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی تقریبِ حلف برداری (14 اگست) کے روز پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 272روپے 95 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی 273روپے 40پیسے تھی۔