کولمبو میں ایشیا کپ کا ہائی وولٹیج میچ ہونے والا ہے، پاکستان اور بھارت کے مابین مقابلہ آج ہوگا جس میں روایتی حریف ایک دوسرے کے خلاف نبرد آزما ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بھارت کے مابین ایشیا کپ کا ون ڈے انٹرنیشنل میچ آج کولمبو میں ہوگا۔ پاکستان بھارت کے خلاف اپنے پلیئنگ الیون کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان پہلے ہی کرچکا ہے۔
پاک بھارت میچ بارش کی نذر ہوا تو ریزرو ڈے میں کھیل شروع ہوگا
کپتان بابر اعظم کے علاوہ وکٹ کیپر محمد رضوان، فخر زمان، امام الحق، سلمان علی آغا، افتخار احمد، شاداب خان، شاہین آفریدی، نسیم شاہ، فہیم اشرف اور حارث رؤوف جیسے کھلاڑی پلیئنگ الیون میں شامل ہیں۔
ایشیا کپ کیلئے 13 ون ڈے میچز میں سے یہ نواں میچ پاکستان اور بھارت کے مابین آج دن ڈھائی بجے شروع ہوگا۔ پاکستانی ٹیم کی قیادت بابر اعظم جبکہ بھارتی ٹیم کی کپتان روہت شرما کریں گے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل ایشیا کپ کے میچز منعقد کرنے والی ایشین کرکٹ کونسل نے پاکستان اور انڈیا کے درمیان ہونے والے میچ کے ریزرو ڈے کے لیے ہاں کردی۔
سری لنکا میں شدید بارشیں جاری ہیں اور سری لنکن محکمہ موسمیات نے آئندہ کچھ روز تک مزید بارشوں کی پیشگوئی کر رکھی ہے جس کے باعث ٹورنامنٹ کا فائنل بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔