اسلام آباد : ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان 17، 18 دسمبر کو جنیوا اور 18سے 20 دسمبر کو کوالالمپور جائیں گے، وزیراعظم جنیوا میں مہاجرین سے متعلق کانفرنس میں شرکت کریں گے اور کوالالمپور سمٹ میں بھی شرکت کریں گے۔
جمعہ کو صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں 126 دن سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں تمام ذرائع ابلاغ پر پابندی عائد ہے اور بھارتی حکومت کسی کو وہاں جانے اور صورتحال کا جائزہ لینے کی اجازت نہیں دے رہی ہے۔
ترجمان کاکہناتھا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف مسلسل آواز اٹھا رہا ہے اور او آئی سی نے بھی مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر اظہارِ تشویش کیا ہے۔ ترجمان نے کہاکہ پاکستان کی کشمیر سے متعلق پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے بھارت اور جاپان کے مشترکہ بیان کو مسترد کیا ہے ،کلبھوشن یادیو کے حوالے سے کئے گئے اقدامات کے بارے میں جلد بتائیں گے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان امریکہ اور طالبان کے درمیان مذاکرات کی بحالی کے اعلان کا خیر مقدم کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ڈیجیٹل پاکستان کے ذریعے عالمی سطح پر جدت کی طرف جائیں گے،وزیراعظم