قومی کرکٹ ٹیم چارٹرڈ فلائٹ کے ذریعے کولمبو سے لاہور پہنچ گئی ہے جبکہ ایشیا کپ کے دوران پاکستان کی بھارت کے خلاف پرفارمنس شاندار رہی۔
قومی کرکٹ ٹیم نے 2 روز قبل 266 رنز کے مجموعی اسکور پر بھارت کی پوری ٹیم کو پویلین بھیج دیا جبکہ آج کرکٹ ٹیم آرام کرے گی۔ منگل کے روز ایل سی سی اے گراؤنڈ میں قومی کھلاڑیوں کی ٹریننگ ہوگی۔
عرفان پٹھان کا پاکستان پر طنز ان کے گلے پڑ گیا
قبل ازیں بھارت کے خلاف بارش کے باعث میچ بے نتیجہ ختم ہونے پر1 پوائنٹ مل گیا جس کے نتیجے میں قومی ٹیم سپر فور مرحلے کیلئے کوالیفائی کرنے والی ایشیا کپ کی پہلی ٹیم بن چکی ہے۔
لاہور آمد سے قبل قومی ٹیم کینڈی سے کولمبو بس کے ذریعے پہنچی۔ بدھ کے روز قومی ٹیم سپر فور مرحلے کا میچ کھیلے گی جس کیلئے مخالف ٹیم کا انتخاب ہونا باقی ہے جو افغانستان یا بنگلہ دیش میں سے کوئی ایک ٹیم ہوسکتی ہے۔
کینڈی میں کھیلے گئے پاک بھارت میچ کا نتیجہ کینڈی میں ہونے والی مسلسل بارش کے باعث سامنے نہ آسکا تاہم بھارت کے ہاردک پانڈیا اورایشان کشن نے بالترتیب 87اور82رنز بنا کر بھارت کو ذلت آمیز شکست سے بچالیا۔
پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے 35رنز کے عوض 4، نسیم شاہ نے 36رنز جبکہ حارث رؤوف نے 58رنز کے عوض 3، 3 وکٹس لیں۔ بھارتی کپتان روہت شرما، شبمن گل، ویراٹ کوہلی، شریاس آئر اور رویندر جدیجا رنز میں خاطرخواہ اضافہ نہ کرسکے۔
روہت شرما نے 11، شبمن گل نے 10، ویراٹ کوہلی نے 4، شریاس آئر نے 14 جبکہ رویندر جدیجا نے 14رنز بنائے۔ بھارت کی پہلی وکٹ 15، دوسری 27، تیسری 48، چوتھی 66 جبکہ پانچویں 204 کے مجموعی اسکور پر گری۔