شہرِ قائد سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد جانے والی مسافر بس موٹر وے پر ٹول پلازہ کے قریب تصادم کے نتیجے میں آتشزدگی کا شکار ہوگئی، آتشزدگی کے باعث ایک ہی خاندان کے 6افراد سمیت 18شہری جاں بحق ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی سے اسلام آباد جاتے ہوئے پنڈی بھٹیاں کے قریب حادثے کا شکار ہونے والی بس سے 16میتوں کو نکال لیا گیا ہے جبکہ بس حادثے کے نتیجے میں 18افراد جھلس کر جاں بحق اور 15زخمی ہوئے۔
بچوں کی نازیبا ویڈیوز بنا کر ڈارک ویب پر فروخت کرنے والا گروہ گرفتار
ڈی پی او ڈاکٹر فہد کا کہنا ہے کہ خوفناک حادثے کے باعث بس اور پک اپ وین کے ڈرائیور بھی آتشزدگی کا شکار ہو کر جاں بحق ہو گئے ہیں۔ زخمی افراد کو طبی امداد کیلئے ہسپتال روانہ کردیا۔ متعدد زخمیوں کی حالت نازک ہے۔
اس حوالے سے ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ مسافر بس 35 سے 40مسافروں کو اسلام آباد لے کر جارہی تھی۔زندہ بچنے والے مسافروں کا کہنا ہے کہ گاڑی تصادم کے باعث آتشزدگی کا شکار ہوئی۔ آگ نے بس کو لپیٹ میں لے لیا۔
مسافروں کا کہنا ہے کہ آتشزدگی کے باعث زیادہ تر مسافر بس سے باہر ہی نہیں نکل سکے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ صبح 4بج کر 15 منٹ کے نزدیک ڈیزل لے کر جانیوالی پک اپ وین اور مسافر بس کے تصادم کے باعث ہوا، دونوں گاڑیاں جل کر مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔