وفاقی وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم کو قانونی معاملات نمٹانے کے لیے تشکیل دی گئی کابینہ کمیٹی کا سربراہ مقرر کردیا گیا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کی منظوری سے نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا۔
وزیر اعظم عمران خان کی منظوری سے گزشتہ روز قانونی معاملات پر کابینہ کمیٹی کی تشکیل عمل میں لائی گئی جس میں آرمی چیف توسیع کے ساتھ ساتھ دیگر اہم ملکی و قانونی معاملات کا جائزہ لیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: فروغ نسیم نے پھر وزیر قانون کے عہدے کا حلف اٹھا لیا
بیرسٹر فروغ نسیم کی زیر صدارت قانونی امور کمیٹی میں سیکریٹری قانون، اعظم سواتی، شہزاد اکبر، اٹارنی جنرل اور سیکریٹری کابینہ کمیٹی کے ساتھ ساتھ وزیر اعظم آفس کے جوائنٹ سیکریٹری بھی شامل ہوں گے۔
قانونی امور کمیٹی قانونی نوعیت کے معاملات پر وزیر اعظم عمران خان اور کابینہ اراکین کو تجاویز پیش کرے گی۔ قومی نوعیت کے قانونی معاملات پر افہام و تفہیم کے لیے سفارشات بھی مرتب کی جائیں گی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان بار کونسل نے وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف فروغ نسیم کی وکالت کا لائسنس دوسری بار معطل کر دیا۔
پاکستان بار کونسل نے3 روز قبل وزارت کا دوبارہ حلف لینے پر وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف فروغ نسیم کی وکالت کا لائسنس دوسری بار معطل کر دیا ۔گزشتہ دنوں وزارت سے استعفے کے باعث بیرسٹر فروغ نسیم کا لائسنس بحال ہوا تھا۔
مزید پڑھیں: بار کونسل نے وزیر قانون فروغ نسیم کا لائسنس پھر معطل کردیا