وزیراعظم کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اگر شریف خاندان نے کوئی بدعنوانی نہیں کی تو وطن واپس آئیں اور جواب دیں، ہم ان کے منتظر ہیں۔
دارالحکومت اسلام آباد میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے معاونِ خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ معصوم عوام جن لوگوں کو اپنا رہبر سمجھ لیتے ہیں، وہ رہزن ثابت ہوتے ہیں، عوام کہاں جائیں؟
معاونِ خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ملک میں حکومت سب کے لیے مساوی قانون پر عمل کرتی ہے۔ طاقتور اور کمزور کے لیے الگ الگ قانون نہیں ہوسکتا۔
پیپلز پارٹی رہنماؤں پر تنقید کرتے ہوئے معاونِ خصوصی نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری غیر جمہوری اور غیر پارلیمانی بیان بازی کرتے ہیں، ان کے والد نے بدعنوانی کی، یہ سب کو معلوم ہے۔
وزیر اعظم عمران خان کے استعفے پر تبصرہ کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عمران خان سیٹ ضرور چھوڑیں گے لیکن اس کے لیے اپوزیشن 4 سال انتظار کرے، اس کے بعد بھی عمران خان ہی وزیر اعظم بنیں گے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ تحریکِ انصاف کو عوام نے مینڈیٹ دیا ہے جبکہ ہم مک مکا کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے۔ تحریکِ انصاف ملک بھر میں سب کے لیے یکساں قانون چاہتی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وفاقی حکومت کی معاشی ٹیم کی محنت رنگ لا رہی ہے، وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں مشکل فیصلے کیے گئے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر گزشتہ روز اپنے پیغام میں معاونِ خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ معاشی بہتری کے لیے کیے گئے مشکل فیصلوں کے ثمرات آنا شروع ہو گئے ہیں۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم کی قیادت میں معاشی ٹیم کی محنت رنگ لائی۔فردوس عاشق اعوان