فیصل آباد میں لاہور سے آنے والی مسافر بس کے ڈمپر سے تصادم کے نتیجے میں 2 مسافر جاں بحق جبکہ 15 زخمی ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک حادثہ مبینہ طور پر تیزرفتاری کے باعث پیش آیا۔ مسافر بس فیصل آباد کے نزدیک موٹر وے ایم 3 پر ڈمپر سے جا ٹکرائی۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ بس مکمل طور پر الٹ گئی۔
نواب شاہ میں 2 مسافر بسوں کا تصادم، 6افراد جاں بحق
بس الٹ جانے کے نتیجے میں 2 مسافر جان کی بازی ہار گئے جبکہ 15 زخمیوں میں سے 6کی حالت تشویشناک ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور امدادی سرگرمیاں شروع کی گئیں۔
زخمیوں کو بس سے نکال کر ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جن میں سے 9مسافروں کو ڈسچارج کردیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات کے متعلق تفتیش جاری ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل صوبہ سندھ کے ضلع نواب شاہ میں 2 مسافر بسوں کے خوفناک تصادم کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق جبکہ 45 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔
یہ تشویشناک حادثہ نواب شاہ کے قریب 1 ماہ قبل مہران ہائی وے پر پیش آیا جہاں ایک مسافر بس مخالف سمت سے آنے والی مسافر بس سے جا ٹکرائی جس کے نتیجے میں خواتین سمیت 6افراد جاں بحق ہو گئے۔