کراچی: شہر قائد میں آج پورا دن شدید گرم موسم رہا، جبکہ شام ڈھلتے ہیں شہر کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا، جس کے باعث ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا جبکہ سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش سے موسم میں تبدیلی واقع ہوئی، سب سے زیادہ نیوکراچی میں 41.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جہاں تھوڑی دیر کی بارش نے حکومتی دعووں کی قلعی کھول دی۔
گندے پانی میں جن لوگوں کی گاڑیاں خراب ہوئیں وہ مزید اذیت کا شکار ہوئے اور ٹریفک بھی جام رہا،ناگن چورنگی اور پاور ہاؤس کی سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سعدی ٹاؤن، یونیورسٹی روڈ اور جناح ٹرمینل میں ہلکی بارش ہوئی، گلشن معمار میں 16.2گلشن حدید اور اورنگی ٹاؤن میں 2 ملی میٹر بارش ہوئی۔
مزید پڑھیں:پاکستان پی آئی اے کی برطانیہ کے لیے پروازوں کی بحالی کیلئے پر اُمید
محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کیا ہے کہ کراچی میں رات گئے بھی بارش کے امکانات موجود ہیں، جبکہ 24اور 25جولائی تک وقفے وقفے سے بارش کا امکان موجود ہے۔