پاکستان سمیت دنیا کے متعدد ملکوں میں یوم عزا داری حضرت علی اصغر عقیدت سے منایا گیا۔
یہ اپنی نوعیت کی ایک منفرد عزا داری ہے، جس میں ننھے شیرخوار عزاداروں کا اجتماع ہوتا ہے، اپنی نوعیت کی یہ منفرد عزا داری اکیس برس سے عالمی سطح پر ایک ہی دن اور ایک ہی وقت میں منعقد ہو رہا ہے۔
ماہ محرم الحرام کے پہلے جمعہ کو صبح کے وقت پوری دنیا میں ایک ہی دن اور ایک ہی وقت میں ہونے والا شیر خواروں کا یہ اجتماع اپنی اسی خصوصیت کی بنا پر دنیا بھر میں توجہ کا مرکز بھی بنا ہوا ہے۔
یہ یوم عزاداری اس نظریے پر قائم ہے کہ شیر خوار بچوں کی مائیں اپنے بچوں کو ظہور کے وقت حضرت امام مہدی کی مدد و نصرت کیلئے تیار کریں گی (جو اہل تشیع کے عقیدے کے مطابق ابھی پردہ غیب میں ہیں اور جب اللہ تعالیٰ چاہیں گے، غیب سے ظہور کریں گے) چنانچہ اس دن مائیں اپنے شیر خوار بچوں کو حضرت علی اصغر رضی اللہ عنہ سے منسوب لباس پہنا کر فرشِ عزا پر لاتی ہیں اور اس بات کا عہد کرتی ہیں کہ ظہور کے وقت ان کا فرزند امام مہدی کا سپاہی بن کر آپ کا ساتھ دے گا۔
پاکستان میں اس سال پانچ سو سے زائد مقامات پر مراسم عزاداری حضرت علی رضا منعقد کئے گئے۔ پاکستان میں مرکزی مراسم دارالحکومت اسلام آباد میں منعقد ہوئے جس میں سینکڑوں مائیں اپنے شیر خوار بچوں کے ساتھ اس عزاداری میں شریک ہوئیں۔
اسی طرح کراچی میں امام بارگاہ شہداء کربلا انچولی سوسائٹی سمیت چودہ مرکزی امام بارگاہوں میں عزاداری کے پروگرامز منعقد ہوئے، جبکہ اندرون سندھ سکھر، حیدر آباد، بدین، جیکب آباد سمیت دس سے زائد مقامات پر یہ مراسم عزاداری منعقد کئے گئے۔