آج کے ڈیجیٹل دور میں موبائل فون ہماری زندگی کا لازمی جز بن چکا ہے، اب اس کے بغیر زندگی کا تصور بھی عجیب لگتا ہے، ہر طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد اپنے پاس موبائل ضرور رکھتے ہیں ۔
لیکن آپ کو یہ جان کر حیرانی ہوگی کہ ہمارے اردگرد کچھ ایسے بھی افراد ہیں جو موبائل فون میں کال دیکھ کر گھبراہٹ کا شکار ہوجاتے ہیں اور جان بوجھ کر کال اٹھانے سے گریز کرتے ہیں۔
کیا کبھی آپ کو موبائل فون بجتے ہی گھبراہٹ محسوس ہوئی ہے؟ اور پھر آپ جان بوجھ کر فون کو بجنے دیتے ہیں اور کال نہیں اٹھاتے؟
اگر آپ ایسا محسوس کرتے ہیں تو جان لیں کہ آپ ایک خاص قسم کے ڈس آرڈر کا شکار ہیں۔
ماہرین کے مطابق جو افراد فون کالز اٹھاتے وقت اس قسم کی کیفیت محسوس کرتے ہیں جس میں انہیں ہچکچاہٹ کا سامنا ہوتا ہے۔ ایسے افراد فون انزائٹی یا ٹیلی فوبیا نامی ڈس آرڈر کا شکار ہوتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ڈس آرڈر اکثر ان افراد میں زیادہ پایا جاتا ہے جو سوشل انزائٹی کا شکار ہوتے ہیں۔ یہ ایک خاص قسم کا ڈس آرڈر ہے جس میں دوسروں کی طرف سے پرکھے جانے کا مستقل خوف رہتا ہے۔
فون انزائٹی کی علامات کیا ہیں؟
فون بجتے ہی کال فوراً نہیں اٹھانا
کال آتے ہی دل کی دھڑکن کا تیز ہوجانا
اگر فون اٹھابھی لیں تو کال پر بات کرتے ہوئے گھبراہٹ محسوس کرنا
فون پر بات کرنے کے دوران سوچ میں پڑجانا کہ کیا گفتگو کریں
ماہرین کے مطابق جن افراد میں یہ علامات پائی جاتی ہیں یا وہ کافی عرصے سے اس قسم کی کیفیت محسوس کر رہے ہیں تو انہیں مینٹل ہیلتھ پروفیشنل سے رجوع کرنا چاہیے۔