وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے بھارتی میزائل اگنی 3 تجربے کی ناکامی پر تبصرہ کرتے ہوئے مودی حکومت کو مشورہ دیا ہے کہ وہ عوام کو اپنی دفاعی طاقت کی جھوٹی کہانیاں سنانا بند کردے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ اگنی تھری میزائل تجربے میں ناکامی ایک افسوس کی بات ہے لیکن بھارت سرکار کو ایسے تجربوں سے گریز کرنا چاہئے۔
بھارت ہر وہ کام کیوں کرتا ہے جو کرنا نہیں آتا: فواد چوہدری | انڈپینڈنٹ اردو https://t.co/HSLOTtChAf
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) December 3, 2019
وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ بھارتی حکومت دفاعی طاقت کی جھوٹی کہانیاں سنا سنا کر عوام کا پیسہ ضائع کر رہی ہے، بھارتی پارلیمنٹ کو مشورہ دیتا ہوں کہ آپ تمام ناکام سائنسی تجربات کا آڈٹ کروائیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ بھارت کو وہ کام نہیں کرنا چاہئے جو ان کے ماہرین کو کرنا نہیں آتا۔بڑا ملک، بڑے دفاعی بجٹ کے باوجود بھی صفر نتیجہ لایا، ناکام تجربات کا آڈٹ ضروری ہے۔
یاد رہے کہ بھارت میں پاکستان کے خلاف فوجی تربیتی مشقوں کے ساتھ ساتھ میزائلوں پر تجربات بھی جاری ہیں، جنگی جنون میں مبتلا بھارت کو اس وقت عالمی سطح پر شرمندگی اٹھانی پڑی جب اگنی تھری میزائل کا تجربہ ناکام ہوگیا۔
جوہری ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھنے والے اگنی تھری کو 30 نومبر کی شب فائر کیا گیا ۔میزائل مطلوبہ ہدف سے پہلے ہی پھٹ گیا۔
اگنی تھری نامی میزائل کو بھارت کے علاقے عبدالکلام آئی لینڈ سے فائر کیا گیا، میزائل لانچر سے نکلتے ہی سمندر میں گر کر تباہ ہوگیا جس کا ملبہ تکنیکی خرابی پر ڈال دیا گیا۔
مزید پڑھیں: بھارت کا میزائل تجربہ ناکام ، اگنی تھری ہدف سے پہلے پھٹ گیا