پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے پاکستان تحریکِ انصاف کراچی ڈویژن کی تنظیم تحلیل کردی ہے جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ماضی میں پاکستان تحریکِ انصاف کراچی ڈویژن کی صدارت فردوس شمیم نقوی، خرم شیر زمان اور آفتاب صدیقی نے سنبھالی، تاہم موجودہ سیاسی حالات میں پارٹی نے کابینہ کی تحلیل کا فیصلہ کر لیا۔
وزیر دفاع خواجہ آصف کی نہر میں چھلانگ، ویڈیو وائرل
ماضی میں حلیم عادل شیخ کے ساتھ ساتھ سابق وفاقی وزیر علی زیدی اور موجودہ صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے علاوہ دیگر پی ٹی آئی قائدین پی ٹی آئی سندھ کے صدر رہے ہیں۔
سابق وزیر اعظم عمران خان نے اپنے دورِ حکومت کے دوران تحریکِ انصاف کو مکمل طور پر تحلیل کردیا تھا، جس کے بعد علی زیدی کو سندھ کی صدارت سونپی گئی، تاہم بعد ازاں یہ عہدہ حلیم عادل شیخ کو سونپا گیا۔
موجودہ صدر پی ٹی آئی سندھ حلیم عادل شیخ کی ہدایات پر جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تحریکِ انصاف کراچی ڈویژن کے نئے تنظیمی سیٹ اپ کا اعلان جلد کیا جائے گا۔
صوبے میں تحریکِ انصاف کی تنظیمِ نو کی منظوری دے دی گئی۔ صدر پی ٹی آئی سندھ کی ہدایات پرجنرل سیکریٹری علی پلھ کی جانب سے کراچی کابینہ تحلیل کرنے کا نوٹیفکیشن سوشل میڈیا پر جاری کردیا گیا۔
https://twitter.com/PTIKHIUpdates/status/1675044256304492544
خیال رہے کہ 9 مئی واقعات کے الزامات پی ٹی آئی رہنماؤں پر عائد کیے جانے کے بعد سے تحریکِ انصاف کے درجنوں سیاسی رہنماؤں نے پارٹی کے ساتھ ساتھ سیاست سے بھی لاتعلقی کا اعلان کیا تھا۔