تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے عیدالاضحی کے موقع پر اسلامیان پاکستان اور اُمہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ قربانی تقویٰ و طہارت اختیار کرنے کا نام ہے، قربانی سے طہارت و پاکیزگی کا جوہر پیدا ہوتا ہے۔
جب بندہ مومن اللہ اور اس کے رسول کی رضا کیلئے جان و مال کو قربان کرنے کی نیت کرتا ہے اللہ کی رحمتوں کے دروازے کھل جاتے ہیں۔ قربانی سے ایثار و انفاق کے ایمانی جذبات نمو پاتے ہیں، فلسفہ قربانی یہ ہے کہ اللہ اور اس کے رسولؐ کی محبت کو ہر ایک چیز سے عزیز تر رکھا جائے۔
یہ بھی پڑھیں:
سویڈن میں قرآن کی بد ترین بے حرمتی کرنے والا ملعون عراقی ملحد نکلا
انہوں نے کہا کہ عید کا تہوار ایثار و قربانی کی فضیلت و اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔ قربانی سے تسلیم و رضا کی توفیقات بڑھتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب اللہ کی راہ میں قربانی کریں تو اپنے عزیز و اقارب، ہمسایوں اور حاجت مندوں کو نہ بھولیں اور عید کی خوشیوں میں محروم لوگوں کو لازمی شریک کریں۔
انہوں نے کہا کہ اللہ رب العزت سے دعا ہے کہ وہ اس ماہ عید اور اس کے بعد آنے والے ماہ و سال کو اُمہ کیلئے خیر و برکت کا باعث بنائے اور ہمیں عبادات کے حوالے سے اخلاص نیت کی دولت سے بہرہ مند فرمائے۔
انہوں نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ذمہ داران اور ہزارہا رضا کاران کو ہدایت کی کہ وہ قربانی کا گوشت ان دور دراز پسماندہ علاقوں تک بھی پہنچائیں جہاں عام لوگ سفری صعوبتوں کے باعث نہیں پہنچ پاتے۔