لاہور: سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کی سابق پاکستانی کرکٹرز نے مذمت کی ہے۔
عمران خان کی گرفتاری کی مذمت سابق فاسٹ بولر وسیم اکر، وقار یونس اور آل راؤنڈر محمد حفیظ نے کی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے پیغام میں وسیم اکرم نے لکھا کہ آپ اکیلے ہیں لیکن آپ کے ساتھ لاکھوں لوگ ہیں۔
وقار یونس کی جانب سے بھی عمران خان کی گرفتاری کی مذمت کی گئی، انہوں نے لکھا کہ کپتان آپ کے ساتھ ہیں۔
محمد حفیظ نے عمران خان کی گرفتاری کو دردناک اورقابل مذمت عمل قرار دیا ہے۔
عمران خان کی گرفتاری پر شوبز ستارے دلگرفتہ، شدید مذمت
واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچنے والے چیئرمین پاکستان تحریکِ انصاف عمران خان کو رینجرز نے نیب کے القادر ٹرسٹ کیس میں گرفتار کرلیا تھا۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان بائیو میٹرک کروانے کے لیے جیسے ہی ہائی کورٹ کے متعلقہ آفس جانے لگے تو راستے میں انہیں رینجرز نے اپنی حراست میں لے لیا تھا۔
بعد ازاں اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے عمران خان کی گرفتاری کے دوران رینجرز کی جانب سے عدالتی برانچ کے شیشے توڑنے اور وکلا پر تشدد کرنے کے معاملے پر سماعت کی۔
عدالت نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا اور پھر عمران خان کی گرفتاری کو قانون کے مطابق قرار دے دیا۔