بلی وہ واحد جانور ہے عام مساجد سے لیکر مسجد الحرام میں بھی پائی جاتی ہے الجزائر کی ایک مسجد میں عجیب واقعہ پیش آیا جہاں ایک بلی نماز تراویح پڑھانے والے امام کے کندھے پر جا کر بیٹھ گئی۔
اس واقعے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں بلی کو امام مسجد کے کندھے پر بیٹھے دیکھا جا سکتا ہے جب کہ امام صاحب نماز کی قرات کر رہے ہیں۔
امام مسجد بھی بلی کے ساتھ شفقت سے پیش آئے، انہوں نے بلی کو کچھ نہیں کہا، بلی نے امام کے رکوع میں جانے سے تھوڑا قبل بلی خود ہی ان کے کندھے سے اتر گئی۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق یہ واقعہ الجزائر کے شمال میں برج بوعریریج کی مسجد ابو بکرصدیق کے امام الشیخ ولید مہساس کے ساتھ پیش آیا۔
الشیخ مہساس کی یو ٹیوب پر تلاوت اور نماز کی بہت سی ویڈیوز موجود ہیں۔ ان کا فیس بک پر بھی ایک پیج موجود ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شیخ مہساس اپنی دھن میں پورے انہماک سے تراویح کے دوران قرآن کریم پڑھ رہے ہوتے ہیں، اسی اثنا میں سامنے سے بلی چھلانگ لگا کر ان کے بازوؤں کے سہارے اوپر جانے کی کوشش کرتی ہے، شیخ مہساس بغیر کسی ہکچاہٹ اور نماز و تلاوت کے تسلسل میں فرق لائے بغیر بلی کو ہاتھ کے سہارے کندھے تک پہنچنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔
بلی کچھ دیر ان کے کندھے پر بیٹھ کر واپس اتر جاتی ہے، اس دوران وہ بار بار شیخ مہساس کا چہرہ اور منہ چومنے کی کوشش کرتی بھی دکھائی دیتی ہے۔ دلکش ویڈیو سامنے آتے ہی دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔