روم: اٹلی نے آرٹیفیشل انٹیلی جنس ایپلی کیشن چیٹ جی پی ٹی پر پابندی عائد کردی ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق اطالوی حکام کا کہنا ہے کہ امریکی کمپنی ’’اوپن اے آئی‘‘ کی ایپلی کیشن پر پرائیوسی سے متعلق خدشات کے باعث عارضی طور پر پابندی لگائی گئی ہے۔
حکام نے کہا کہ چیٹ جی پی ٹی پر فوری طور پر پابندی لگا کر اوپن اے آئی کے خلاف تحقیقات کا آغاز کیا جائے گا۔
ٹیکنالوجی ماہرین کی مصنوعی ذہانت کے تجربات کو روکنے کی تجویز
اٹلی کی ڈیٹا پروٹیکشن اتھارٹی کے مطابق امریکی کمپنی اوپن اے آئی کو اٹلی کے واچ ڈاگ کے خدشات پر اپنا جواب جمع کروانے کیلئے 20 دن کی مہلت دی گئی ہے، دوسری صورت میں ان پر دو کروڑ سترہ لاکھ ڈالرز جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔
خیال رہے کہ اٹلی کے واچ ڈاگ نے چند روز قبل خدشات ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ ٹریننگ کے مقاصد کیلئے بڑے پیمانے پر لوگوں کا پرسنل ڈیٹا اسٹور کرنے کا کوئی قانونی جواز موجود نہیں ہے اور نہ ہی اسے کسی طرح جسٹیفائی کیا جا سکتا ہے۔