ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ایچ بی ایل پی ایس ایل (پاکستان سپر لیگ) کے 28 ویں اور اہم ترین میچ میں پی ایس ایل کی تاریخ کا سب سے بڑا اسکور بنا دیا۔ ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 262 رنز اسکور کیے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان محمد نواز نے راولپنڈی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جا رہے میچ میں ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
عثمان خان اور محمد رضوان نے ملتان سلطانز کی جانب سے اننگز کا آغاز کیا، عثمان خان نے اننگز کے آغاز سے ہی جارحانہ کھیل پیش کیا اور کوئٹہ کے بولرز کو دھو دیا، عثمان خان نے صرف 36 گیندوں پر پی ایس ایل کی تیز ترین سنچری اسکور کی۔
عثمان خان مجموعی طور پر 43 گیندوں پر 9 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 120 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، انہوں نے اپنے ساتھی کھلاڑی رائیلی روسو کی 41 گیندوں پر تیز ترین پی ایس ایل سنچری کا ریکارڈ توڑا۔
رائیلی روسو 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ محمد رضوان نے بھی 26 گیندوں پر ففٹی مکمل کی اور وہ 55 رنز کی اننگز کھیلی،ٹم ڈیوڈ 43 اور کیرون پولارڈ 23 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
مزید پڑھیں:عثمان خان نے پی ایس ایل تاریخ کی تیز ترین سنچری بنا ڈالی
واضح رہے کہ اس سے قبل پی ایس ایل کی تاریخ کا سب سے بڑا اسکور اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کے خلاف 2021 میں بنایا تھا جو 247 رنز تھا،مگر ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ سے یہ ریکارڈ چھین لیا۔