الیکشن کمیشن آف پاکستان میں آج سے تحریکِ انصاف کے خلاف فارن فنڈنگ کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت شروع ہوگی جبکہ اس ضمن میں دیگر سیاسی پارٹیوں کو سمن جاری کردئیے گئے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں الیکشن کمیشن نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی ) اور مسلم لیگ (ن) کو پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس میں کمیشن کی اسکروٹنی کمیٹی میں پیش ہونے کے لیے سمن جاری کیے۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت کے لیے مشکلات پیدا کرنے والا فارن فنڈنگ کیس کیا ہے؟
کمیشن کی طرف سے یہ اقدام اُس وقت اٹھایا گیا جبکہ متحدہ اپوزیشن کی رہبر کمیٹی نے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں تحریکِ انصاف کے خلاف پٹیشن دائر کی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے فارن فنڈنگ کیس پر حقائق عوام کے سامنے لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن ممنوعہ فنڈنگ کیس سے متعلق عوام کو گمراہ کررہی ہے۔دونوں بڑی جماعتوں کے رہنماؤں نے منی لانڈرنگ سے پیسہ بنایا، تحریک انصاف کا دامن صاف ہے۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت گزشتہ روز حکومتی اور پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں معاشی ٹیم کی معیشت میں حاصل کامیابیوں پر بریفنگ دی گئی۔ اٹارنی جنرل نے ممنوعہ فنڈنگ کیس پر ترجمانوں کو بریفنگ دی ۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے فارن فنڈنگ کیس پر حقائق عوام کے سامنے لانے کی ہدایت کی ۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی رہنما آج ممنوعہ فنڈنگ کیس پر پریس کانفرنس کریں گے۔
مزید پڑھیں: وزیر اعظم کی فنڈنگ کیس پر حقائق عوام کے سامنے لانے کی ہدایت