وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے کہا ہے کہ تبدیلی سیاسی نہیں بلکہ انتظامی بہتری کے لیے ہونی چاہئے جبکہ پنجاب سمیت کسی بھی صوبے میں گورننس کے لیے افسران کو تبدیل کرنا پڑے تو ضرور کرنا چاہئے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گزشتہ روز تحریک انصاف کی کور کمیٹی اجلاس کے دوران مختلف ملکی و سیاسی امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ وزیر اعظم نے اپوزیشن کے دھرنے اور احتجاج کے حوالے سے حکمتِ عملی پر مشاورت کی۔
یہ بھی پڑھیں: مودی حکومت نے خطے کے امن کو داؤ پر لگا دیا۔ زرتاج گل وزیر
وزیر اعظم عمران خان نے صوبہ پنجاب کے انتظامی ڈھانچے پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گورننس کی کمزوری حکومتی پالیسیوں کے ثمرات عوام تک پہنچنے نہیں دیتی، اس کو بہتر کرنا ضروری ہے۔
عمران خان نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کو بیرونِ ملک قیام کے دوران کافی وقت گزر چکا، تاہم ان کے مرض کی کوئی تشخیص سامنے نہیں آئی۔ عوام کو علاج کے حقائق بتانا ضروری ہے، جبکہ ن لیگی رہنما ان کی بیماری پر سیاست کر رہے ہیں۔
کور کمیٹی اجلاس کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے علیحدہ ملاقات کے دوران وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ بہتر گورننس لانے کے لیے پنجاب کے انتظامی ڈھانچے میں ضرورت کے مطابق تبدیلیاں کی جاسکتی ہیں۔
یاد رہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان آج اپنی 67 ویں سالگرہ منائیں گے، جبکہ وہ25 نومبر1952 کو اکرام اللہ خان نیازی کے گھر پیدا ہوئے ۔
عمران خان نے قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے پاکستان کو ورلڈ کپ جتوانے کے بعد شوکت خانم اسپتال کی بنیاد رکھی بعد ازاں سیاسی میدان میں قدم رکھا اور 22سال کی جدوجہد کے بعد آج پاکستان کے وزیراعظم کے عہدے پر فائز ہیں۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم پاکستان عمران خان آج 67 ویں سالگرہ منائیں گے