اسلام آباد: جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں آصف زرداری اور فریال تالپور کی کراچی سے اسلام آباد منتقلی کیخلاف درخواست سپریم کورٹ میں سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی۔
سپریم کورٹ میں آصف زرداری اور فریال تالپور کی درخواست پر سماعت 26 نومبر کو ہو گی۔ جسٹس عمر عطا بندیال اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل دو رکنی بینچ سماعت کرے گا۔
سابق صدر آصف زرداری کی جانب سے سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں استدعا کی گئی کہ ان کی اپیلوں پر جلد سماعت کی جائے ، درخواست میں آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ کے مقدمے کو کراچی سے اسلام آباد منتقل کرنے کے سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں زیر حراست ہیں اور دونوں کے خلاف احتساب عدالت راولپنڈی میں مقدمہ چل رہا ہے۔
دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کا مؤقف ہے کہ اگر ایک جرم کراچی میں ہوا ہے تو اس کا ٹرائل بھی کراچی میں ہی ہونا چاہیے، آصف زرداری نے سپریم کورٹ میں درخواست سینئر وکیل فاروق نائیک کے توسط سے دائر کی ہے۔
رجسٹرارآفس سپریم کورٹ نے وکلا کو سماعت کیلئے نوٹسز جاری کردیئے۔واضح رہے کہ بینکنگ کورٹ کراچی نے جعلی اکاؤنٹس کیس احتساب عدالت اسلام آباد منتقل کردیئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: عدالت نے سابق صدر آصف زرداری کی علاج کے لیے کراچی منتقلی کی درخواست مسترد کردی