لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے فیصلہ کیا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی اپنے ڈی نوٹیفکیشن سے متعلق کیس کی لاہور ہائی کورٹ میں 11 جنوری کو ہونے والی سماعت سے قبل اعتماد کا ووٹ نہیں لیں گے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی نے قانونی ماہرین کے مشورے کے بعد اب 9 جنوری کو ہونے والے پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں اعتماد کا ووٹ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کو قانونی ٹیم نے مشورہ دیا تھا کہ اعتماد کے ووٹ کو عدالتی حکم سے جوڑ دیا جائے کیونکہ گورنر کی جانب سے وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کو پنجاب اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لینے کی ہدایت کی کوئی آئینی بنیاد نہیں تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر نے 9 جنوری کے اجلاس میں اعتماد کے ووٹ کے حوالے سے ارکان کو کوئی ہدایات جاری نہیں کیں۔
مزید پڑھیں:جنرل باجوہ اور کچھ جرنیلوں نے پی ٹی آئی حکومت ہٹانے میں اہم کردار ادا کیا، فوادچوہدری
دوسری جانب پی ٹی آئی کی ایم پی اے زینب عمیر نے کہا کہ اعتماد کے ووٹ کے حوالے سے تمام پہلوؤں پر مشاورت جاری ہے۔