اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان سے بڑا منافق اور محسن کش شخص نہیں دیکھا، جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ نے جس طرح عمران خان کی مدد کی وہ سب سامنے آ رہا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا ہزارہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ عمران خان سے بڑا منافق اور محسن کش شخص نہیں دیکھا، عمران خان کے کرتوت سب کے سامنے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جنرل ریٹائرڈ باجوہ نے کوشش کی کہ عمران خان کے ذریعے پاکستان آگے بڑھے لیکن بطور وزیراعظم عمران خان ناکام ثابت ہوئے، جنرل ریٹائرڈ باجوہ نے کس طرح عمران خان کی مدد کی وہ سب کے سامنے آ رہا ہے، افواج پاکستان نے ساری کاوشیں جھونک دیں تاکہ عمران خان کامیاب ہو۔
شہباز شریف نے کہا کہ گالم گلوچ میں عمران خان کا کوئی مقابلہ نہیں ہے، عمران خان نے پاکستان کے معاشرے کو تباہ کر دیا ہے۔جن لوگوں نے عمران خان کو مسند اقتدار پر بٹھایا ان پر ہی عمران خان الزامات لگا رہا ہے، آج عمران خان جنرل باجوہ کے لیے کیا الفاظ استعمال کر رہے ہیں؟
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران نیازی نے چینی کمپنیوں پر کرپشن کے الزامات لگائے جس پر چین ناراض ہوا، عمران خان نے دوست ممالک کو ناراض کیا اور سی پیک کا جنازہ نکال دیا۔
ان کا کہنا تھا پی ٹی آئی کی حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ کیا گیا معاہدہ توڑا اور پاکستان کو ڈیفالٹ کے قریب پہنچا دیا تھا لیکن ہم نے بڑی محنت کر کے پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا، دوست ممالک نے ہمارا بھرپور ساتھ دیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ میں نے آئی ایم ایف کے ڈائریکٹر سے کہا کہ ہم پاکستانی عوام پر مزید بوجھ نہیں ڈال سکتے، آئی ایم ایف کی ڈائریکٹر نے کہا اپنا وفد بھیجیں گے تاکہ پاکستان کو اگلی قسط مل سکے۔
مزید پڑھیں:افغانستان میں کارروائی کرنے کی رپورٹس بے بنیاد ہیں، ترجمانِ دفتر خارجہ
وزیراعظم نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے، چین کے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ہمارا دیرینہ دوست ہے، دیگر ممالک سے بھی اپنے تعلقات بہتر کر رہے ہیں،کل رات آئی ایم ایف کے ڈائریکٹر کا فون آیا، انہوں نے پوچھا کہ چین اور سعودی عرب کے ساتھ آپ کے کیسے تعلقات ہیں، میں نے جواب دیا کہ ہمارے دونوں ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔