بھارت میں نیپالی نژاد نوجوان کو برہنہ کرکے تشدد کیا گیا جبکہ متاثرہ شخص کے دوست کو بھی اغوا کرنے کی کوشش کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق نیپالی نوجوان سے مارپیٹ کا واقعہ مشرقی دہلی کے علاقے پریت وہار میں پیش آیا جس کی شکایت متاثرہ شخص نے بھارتی پولیس سے کی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔
یوکرین2023 کے آغاز میں روس کیخلاف اپنے فضائی دفاع کو مضبوط بنائے گا۔زیلنسکی
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ کچھ ملزمان نے نیپالی نژاد نوجوان کو برہنہ کرکے کئی گھنٹوں تک مارپیٹ کی، ویڈیو بنائی اور اسے سوشل میڈیا پر اپ لوڈ بھی کردیا۔ متاثرہ نوجوان کا پولیس سے شکایت میں کہنا تھا کہ میں کھلونوں کی دکان پر کام کرتا ہوں۔
سیلز مین کے طور پر خدمات سرانجام دینے والے نوجوان کا کہنا ہے کہ 15 دسمبر کی رات کو ڈیوٹی سے گھر واپسی پر 4 ملزمان نے مجھے ایک نالے کے قریب روک کر اپنے دوست کو فون کرکے گھر کے باہر بلانے کا کہا۔
متاثرہ نوجوان کا کہنا ہے کہ جب میں نے فون کرنے سے انکار کیا تو بندوق کی نوک پر مجھ سے کپڑے اتروا لیے گئے۔ برہنہ کرکے کئی گھنٹوں تک مار پیٹ کی اور دوست کو فون کرکے بلوایا گیا اور جب وہ آیا تو اسے بھی اغوا کرنے کی کوشش کی۔
مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق دیویندر اور ہریش نامی ملزمان نے نیپالی نژاد نوجوان سیلز مین کو تشدد کا نشانہ بنایا جس کے دوست کا کہنا ہے کہ دیویندر کے بھتیجے نے 2 سال قبل مجھ پر چاقو سے حملہ کرکے بری طرح زخمی کردیا تھا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ملزمان متاثرہ نوجوان سے تشدد کے ذریعے اس کے دوست کو گھر سے باہر بلا کر چاقو حملہ کیس کے حوالے سے دباؤ ڈالنا چاہتے تھے۔ واقعے کے ملزمان تاحال گرفتار نہیں کیے جاسکے۔