نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن علامہ رانا محمد ادریس نے کہا ہے کہ امن ہر انسان کی اولین ضرورت ہے، اسلام محبت اور عدم تشدد کا دین ہے۔
دین اسلام تمام اقوام اور معاشروں کو امن اور بھائی چارے کا پیغام دیتا ہے، انسانوں کے درمیان نفرت کا زہر پھیلانے والے انسانیت کے سب سے بڑے دشمن ہیں، اس زہر کو علماء کرام ہی ختم کر سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:
افغانستان میں زندہ بچ جانے والا آخری روسی فوجی انتقال کر گیا
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی بنیاد انتہا پسندی ہے فرقہ وارانہ دہشتگردی پاکستان کی سلامتی اور استحکام کیلئے بہت بڑا چیلنج ہے، علمائے کرام نے ہمیشہ معاشرے کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے اب بھی علماء کرام کی ذمہ داری ہے کہ وہ دہشتگردی، انتہا پسندی اور فرقہ واریت کے خاتمے کیلئے کردار ادا کریں تاکہ پاکستان سمیت پوری دنیا کو امن کا گہوارہ بنایا جاسکتے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع شیخ الاسلام ماڈل ٹاؤن میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ اتحاد امت کے فروغ کیلئے بھی علماء کرام کو کردار ادا کرنا ہوگا، امت مسلمہ کے تمام مسائل کا حل وحدت و یگانگت میں ہے۔ پاکستان کی ترقی اور عالم اسلام کے استحکام کیلئے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے نزدیک بہترین مسلمان وہ ہے جو تمام انسانیت کیلئے پیکر امن و سلامتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دین اسلام امن و آشتی اور صلح و سلامتی کا مذہب ہے۔ دین اسلام نے انسانی زندگی کو اتنی اہمیت دی ہے کہ ایک شخص کے قتل کو پوری انسانیت کے قتل کے مترادف قرار دیا ہے۔ حضور نبی اکرم ﷺ کی حیات طیبہ صبر و برداشت،عفو درگزر اور رواداری سے عبارت ہے۔