رکنِ سندھ اسمبلی اور پی ٹی آئی رہنما ارسلان تاج نے صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کو خط لکھ دیا جس میں ملک بھر کے بیمار قیدیوں کی سزا معاف کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
پاکستان تحریکِ انصاف کے رکن اسمبلی ارسلان تاج گھمن نے صدرِ مملکت عارف علوی کو مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کی علاج کے لیے بیرونِ ملک روانگی پر خط لکھا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما ارسلان تاج گھمن نے اپنے خط میں کہا کہ نواز شریف کو بحیثیت مجرم ملک سے باہر جانے کی اجازت دی گئی تو باقی غریبوں کو بھی معاف کیا جائے۔
ارسلان گھمن نے صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے درخواست کی کہ پاکستانی جیلوں میں قید بیمار مریضوں کی سزا معاف کریں اور انہیں بھی اپنی مرضی کی جگہ سے علاج کرانے کی اجازت دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ جیلوں میں قید غریب اور بیمار لوگ جو برسوں سے انصاف کے منتظر ہیں، انہیں مسلسل قید کا سامنا ہے، ان کی زندگی کو آسان بنانے کے لیے سہولیات فراہم کی جائیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل سابق وفاقی وزیر اورپاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما نبیل گبول نے دعویٰ کیا کہ جس طرح نواز شریف کیلئے ایئر ایمبولینس آئی، اسی طرح ایک اور ایئر ایمبولینس آنے والی ہے۔
نبیل گبول نے گزشتہ روز کہا کہ حکومت کو آصف زرداری کو بھی باہر بھیجنا پڑے گا،ملک میں سسٹم کو لپٹتا ہوا دیکھ رہا ہوں۔سابق صدر آصف زرداری کے دل کی شریانیں بھی بند ہیں، حکومت کو انہیں بھی باہر بھیجنا پڑے گا، نواز شریف کی طرح ایک اور ایئر ایمبولینس آنیوالی ہے۔
مزید پڑھیں: آصف زرداری کیلئے بھی ایئر ایمبولینس آنے والی ہے،نبیل گبول