لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے ساتھ قریبی تعلقات کی وجہ سے مشہور ٹی وی اینکر اور تجزیہ کار نجم سیٹھی نے لاہور میں وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی جس سے افواہوں اور قیاس آرائیوں نے جنم لیا کہ انہیں پاکستان کرکٹ بورڈ کا نیا سربراہ مقرر کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف پی سی بی کے سرپرست اعلیٰ بھی ہیں۔ وزیر اعظم اور نجم سیٹھی نے 2014 کے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے آئین اور محکمانہ کرکٹ کی بحالی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔
یہ بھی اطلاعات ہیں کہ وزارت بین الصوبائی رابطہ (آئی پی سی) نے نجم سیٹھی کی پی سی بی کے نئے سربراہ کے طور پر نامزدگی اور 2014 کے پی سی بی کے آئین کی بحالی کی سمری وزیراعظم شہباز شریف کو دے دی ہے۔
مزید پڑھیں:ٹیسٹ کرکٹ: پاکستانی ٹیم کیوں مسلسل ہار رہی ہے؟
یاد رہے کہ 73 سالہ نجم سیٹھی نے پہلی بار 2013 میں بطور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ خدمات انجام دیں تھیں تاہم انہیں چوہدری محمد ذکا اشرف کے ساتھ قانونی جنگ لڑنی پڑی۔ وہ 2014 میں چارج پر واپس آئے لیکن شہریار خان کو چیئرمین نامزد کیا گیا۔