لاہور: خواجہ اینڈ سنز سمیت متعدد ٹی وی سیریلز اور فلمز میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے فنکار علی اعجاز کی وفات کو آج 4 برس مکمل ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اداکار علی اعجاز نے 50 سالہ کیرئیر کے دوران مختلف عمروں کے کردار نبھائے اور عوام سے خوب داد سمیٹی۔ علی اعجاز کو مختلف کرداروں میں جو پذیرائی ملی، وہ بہت ہی کم فنکاروں کے حصے میں آتی ہے۔
فیفا ورلڈ کپ، دپیکا پڈوکون کی ممبئی سے قطر روانگی
معروف اداکار علی اعجاز نے بچپن کے دوست اور مشہور کامیڈین منور ظریف کے ذریعے فلم کی دنیا میں اپنے سفر کا آغاز کیا اور 60 کی دہائی میں تھیٹر میں بھی اداکاری شروع کردی۔یو ٹیوب سمیت دیگر پلیٹ فارمز پر ان کی ویڈیوز آج بھی پسند کی جاتی ہیں۔
علی اعجاز نے لاکھوں میں تین، دبئی چلو اور خواجہ اینڈ سنز جیسے ٹی وی سیریلز میں اداکاری کرکے خوب شہرت سمیٹی۔ فلموں میں علی اعجاز کی جوڑی خاور رفیع (ننھا) کے ساتھ مقبول ہوئی اور انہوں نے انسانیت، لیلیٰ مجنوں اور چور مچائے شور جیسی فلمیں کیں۔
حکومت نے علی اعجاز کو 14 اگست 1993 کو صدارتی تمغہ برائے حسنِ کارکردگی سے نوازا۔ 18 دسمبر 2018 کو حرکتِ قلب بند ہوجانے کے باعث علی اعجاز انتقال کر گئے تاہم انہیں آج بھی اپنی اداکاری کے باعث یاد کیا جاتا ہے۔