اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کیلئے سیاسی استحکام بنیادی شرط ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان سے وفاداری اور دوستی کا تقاضا یہ ہے کہ ملک میں معاشی استحکام ہو۔ کسی کی کوشش ہے کہ پاکستان ڈیفالٹ کر جائے۔ ایسا نہیں ہوگا، نہ کرنے دیں گے۔
بلاول بھٹو جی 77 اجلاس کی صدارت ملنے پر عوام کے شکرگزار
گزشتہ حکومت پر معیشت کی بنیادوں میں بارودی سرنگیں بچھانے کا الزام عائد کرتے ہوئے وزیرا عظم نے کہا کہ وہ لوگ اب سیاسی نظام کی بنیادوں میں بھی بارودی سرنگیں بچھانے کی سازش کر رہے ہیں۔ ہم نے آئین کی طاقت سے ملک کو جھوٹی حکومت سے نجات دلائی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اب عوام کو روٹی، روزگار کی پریشانیوں سے نجات دلائیں گے۔ سیاسی شرپسند انتشار پھیلا کر دنیا کو بتانا چاہتے ہیں کہ پاکستان میں سرمایہ کاری نہ کریں اور سیلاب متاثرین اپنے گھروں میں آباد نہ ہوں۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کو سردی، بھوک اور بیماری سے بچانے میں سیاسی شریروں کا کوئی حصہ نہیں، یہ سیاسی مطلب پرستی اور خودغرض ہیں۔ نوجوانوں کو روزگار دلانے کے لئے سیاسی بے روزگاروں سے نجات لازم ہے۔
قوم کو سوچنا ہوگا کہ جب جب ملک معاشی ترقی کی طرف چلنا شروع ہوتا ہے تو فسادی لشکر کیوں متحرک ہوجاتا ہے؟ وزیر اعظم نے کہا کہ کوئی شک نہیں رہا، ایک ایجنڈے کے تحت معاشی تباہی کی گئی۔ سیاسی عدم استحکام بھی اسی کا تسلسل ہے۔
عمران خان کے اسمبلیاں توڑنے کے اعلان پر ردِ عمل دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ عوام کا اعتماد توڑنے والے اب اسمبلیاں توڑ رہے ہیں۔ مقصد سیاسی عدم استحکام پیدا کرنا ہے۔ پاکستان کے عوام کی حالت پر رحم کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی، بے روزگاری کے عذاب سے عوام کو نجات دلانا سیاست ہے۔ پاکستان سابق 4 سال کی معاشی تباہی سے زہرناک مہنگائی کا شکار ہوا، عوام کی زندگیوں سے یہ زہر ختم کرنے دیں رکاوٹیں مت کھڑی کریں۔
واضح رہے کہ حکومت متعدد مرتبہ پی ٹی آئی سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں کو سیاسی محاذ آرائی چھوڑ کرمیثاقِ معیشت کی طرف آنے کی دعوت دے چکی ہے۔ وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ سیاسی استحکام اور میثاق معیشت ہی پاکستان کی قومی سلامتی کو مظبوط کر سکتے ہیں۔