گوگل ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں پر معلومات کا ذخیرہ ہے یہی وجہ ہے کہ کوئی بھی شخص کسی بھی حوالے سے معلومات حاصل کرنے کیلئے سب سے پہلے گوگل کا رُخ کرتا ہے۔
گوگل سرچ انجن کے بغیر انٹرنیٹ صارفین کی زندگی ادھوری ہے، روزانہ کی بنیاد پر گوگل پر اربوں موضوعات کو سرچ کیا جاتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ سرچ انجن کی جانب سے ہر سال کے اختتام پر سب سے زیادہ مقبول سرچز کی فہرست کو جاری کیا جاتا ہے۔
گوگل نے 2022 کے دوران پاکستانی عوام کی جانب سے سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والے موضوعات کی فہرست جاری کی ہے۔
1۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ
رواں سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ آسٹریلیا میں 16 اکتوبر سے لے کر 13 نومبر تک کھیلا گیا جس میں پاکستانی عوام کی بڑی تعداد نے دلچسپی لی اسی لئے گوگل کی جانب سے جاری کی گئی فہرست میں یہ پہلے نمبر پر آیا۔ آسٹریلیا میں کھیلے گئے کرکٹ ورلڈکپ میں پاکستان نے فائنل تک رسائی کی تھی لیکن انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستان ٹرافی نہیں جیت سکا۔
2۔ ایشیا کپ 2022
دوسرے نمبر پر پاکستانیوں نے سب سے زیادہ ایشیا کپ کو سرچ کیا جس کا فائنل رواں سال پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دبئی میں کھیلا گیا تھا جس میں سری لنکا نے پاکستان کو شکست دی تھی۔
3۔ پی ایس ایل 7
پی ایس ایل جس کو پاکستان سپر لیگ کے نام سے جانا جاتا ہے، یہ ایک فرنچائز ٹوئنٹی 20 کرکٹ لیگ ہے جسے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 2015 میں قائم کیا تھا۔
اب تک اس کے 7 ایڈیشنز ہوچکے ہیں، رواں سال فروری میں کھیلے گئے پی ایس ایل میں لاہور سکندر نے پی ایس ایل کی ٹرافی حاصل کی تھی۔
4۔ میلبرن کا موسم
میلبرن کا موسم بھی پاکستانیوں کی دلچسپی کی وجہ بنا جس کی وجہ یہ تھی کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا فائنل میلبرن میں کھیلا گیا تھا جس میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا تھا اور یہی وجہ ہے کہ میلبرن کا موسم گوگل پر سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والے موضوعات میں چوتھے نمبر پر رہا۔
5۔ موسمیاتی تبدیلی
اس سال گوگل کی مقبول ترین سرچز میں موسمیاتی تبدیلی 5 ویں نمبر پر رہی جس سے احساس ہوتا ہے کہ اس سال تباہ کن بارشوں اور سیلاب سے پاکستانی عوام میں موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے شعور میں اضافہ ہوا ہے۔
6۔ احساس پروگرام
احساس پروگرام کو سابق وزیراعظم عمران خان نے اپنے دورِ حکومت کے درمیان متعارف کروایا تھا جس کی عالمی بینک نے بھی تعریف کی تھی۔
7۔ ارشد شریف
ارشد شریف پیشے کے لحاظ سے ایک صحافی تھے جنہیں رواں سال 20 اگست کو کینیا میں گولی مارکر قتل کردیاگیاتھا۔
8۔ عامر لیاقت
عامر لیاقت حسین کا شمار پاکستان کے نامور اور متنازعہ ٹی وی میزبانوں میں ہوتا ہے جو کہ رواں سال جون 2022 میں کراچی میں گھر میں بے ہوش پائے گئے تھے ، انھیں ہسپتال لے جایا گیا تو وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے تھے۔
9۔ ملکہ الزبتھ دوم
ملکہ الزبتھ دوم ستمبر میں 96 سال کی عمر میں انتقال کرگئیں ۔
10۔ نسیم شاہ
قومی کرکٹ ٹیم کے نئے ابھرتے ہوئے ستارے نسیم شاہ بھی اس سال پاکستانی عوام کی گہری دلچسپی رہی یہی وجہ ہے کہ وہ گوگل کی جانب سے جاری کی گئی فہرست میں 10 ویں نمبر پر آگئے ، اُن کی مقبولیت میں اضافہ اُس وقت ہواتھا جب انہوں نے ایشیا کپ میں افغانستان کے خلاف میچ میں دو چھکے مار کر پاکستان کو فتح دلوائی تھی۔