لندن:سابق وزیر اعظم نوازشریف علاج کے لیے لندن پہنچ گئے شہباز شریف اور ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان بھی ان کے ہمراہ ہیں۔
سابق وزیراعظم نواز شریف قطر ائیرلائنز کی پرواز کے ذریعے لاہور سے پہلے دوحہ پہنچے جہاں انہوں نے ڈیڑھ گھنٹہ قیام کیا جبکہ اس موقع پر طیارے کی ری فیولنگ کی گئی اور سابق وزیراعظم کا رائل ٹرمینل لاؤنج میں طبی معائنہ بھی کیا گیا، بعدازاں دوحہ سے نوازشریف لندن پہنچ گئے ۔
نواز شریف کو لے کر قطر ائیرویز کے طیارے نے صبح ساڑھے 10 بجے اڑان بھری جبکہ لندن میں طیارے نے پاکستانی وقت کے مطابق رات 10 بجکر 33 منٹ پر ہیتھرو ائیرپورٹ پر لینڈ کیا،نواز شریف کے ہمراہ ان کے بھائی شہباز شریف اور ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان بھی موجود ہیں۔
اس سے قبل سابق وزیراعظم نواز شریف لاہور ائیرپورٹ جانے کیلئے سخت سیکیورٹی میں جاتی امرا سے روانہ ہوئے۔ اس موقع پر ان کی رہائشگاہ کے باہر کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ جنہوں نے اپنے قائد کے حق میں نعرہ بازی کی اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔
ایئر پورٹ پربھی کارکنان کی بڑی تعداد حج ٹرمینل کے باہر موجود تھی جنہوں نے نواز شریف کے حق میں نعرے بازی کی، نواز شریف کی گاڑی کے ساتھ کچھ کارکنان نے بھی حج ٹرمینل میں داخل ہونے کی کوشش کی جنہیں باہر نکال دیا گیا۔
جاتی امرا سے ایئرپورٹ روانگی کے وقت شہباز شریف اور ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان سابق وزیراعظم کے ہمراہ تھے جب کہ (ن) لیگی رہنما احسن اقبال، خواجہ آصف اور مریم اورنگزیب سمیت دیگر رہنماؤں نے ایئر پورٹ پر نواز شریف سے ملاقات کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب کاکہناتھا کہ بیرون ملک روانگی سے قبل ڈاکٹرز نے سابق وزیراعظم نواز شریف کا تفصیلی معائنہ کیا اور پلیٹ لیٹس کو مستحکم کرنے کے لیے ادویات بھی دی گئیں جب کہ میڈیکل ٹیم نے نواز شریف کو سفر کے قابل قرار دیا۔
یاد رہے کہ وزارت داخلہ نے لاہور ہائیکورٹ کے حکم کی مصدقہ نقل ملنے کے بعد نواز شریف کو بیرون ملک جانے دینے کا ہدایت نامہ جاری کر دیا تھا۔
عبوری انتظام کے تحت نواز شریف کو باہر جانے کی ایک بار اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا اور انہیں 4 ہفتوں کے لیے بیرون ملک علاج کی غرض سے جانے کی اجازت لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: نوازشریف سے متعلق عدالتی فیصلے پر ہمارے پاس اپیل کا موقع موجودہے، فروغ نسیم