سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف لندن کے لیے روانہ ہوچکے ہیں جبکہ علاج کی غرض سے روانہ ہونے والے مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد کے ساتھ دورانِ سفر قائدِ حزبِ اختلاف قومی اسمبلی شہباز شریف ہیں۔
اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے ساتھ ساتھ سابق وزیر اعظم کے معالج ڈاکٹر عدنان سمیت 2 ملازمین نواز شریف کے ہمراہ ہیں جبکہ نواز شریف ائیر ایمبولینس کے ذریعے لاہور ائیرپورٹ سے لندن روانہ ہوئے ہیں۔
مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نواز شریف کو دوحا کے راستے سے لندن لے جایا جا رہا ہے جبکہ روانگی سے قبل ان کے تمام تر ضروری ٹیسٹ کر لیے گئے تھے۔
معالجین کی طرف سے کلیرنس ملنے کے بعد سابق وزیر اعظم کو لندن کے لیے اڑان بھرنے کی اجازت دی گئی جبکہ نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز اور اہلِ خانہ نے انہیں لاہور ائیر پورٹ سے الوداع کہہ کر رخصت کیا۔
نواز شریف کی میڈیکل فائل قطر ائیر ویز کے ڈاکٹرز کے حوالے کی گئی ہے جبکہ موبائل ہسپتال کی طرح کام کرنے والی ائیر ایمبولینس میں سابق وزیر اعظم کے مختلف ٹیسٹ کیے جائیں گے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل سابق وزیر اعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نواز شریف اپنی رہائش گاہ جاتی امراء سے ائیرپورٹ کے لیے روانہ ہوئے جبکہ ان کی ائیر ایمبولینس لندن اڑان بھرنے کے لیے تیار تھی۔
مزید پڑھیں: نواز شریف جاتی امراء سے ائیرپورٹ کے لیے روانہ، ائیر ایمبولینس لندن کے لیے تیار