لاہور میں کزن کے ساتھ شادی سے انکار پر لڑکے نے 2 ملزمان کے ساتھ مل کر 22 سالہ لڑکی کو زندہ جلا دیا، جو ہسپتال میں دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ لاہور کے علاقے کوٹ لکھپت میں پیش آیا۔ ملزم خرم نے 22 سالہ کرن شہزادی سے منگنی کے بعد چند ہی روز قبل شادی سے انکار پر کرن پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔
اسلام آباد میں 7 سالہ بچی کو آگ لگا کر زندہ جلا دیا گیا
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم خرم اپنے ساتھیوں تنویر اور وحید کے ہمراہ کرن کے گھر گھسا اور اسے پیٹرول چھڑک کر آگ لگائی۔ تینوں ملزمان جائے وقوعہ سے آسانی سے فرار ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر کرن کو ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم آگ سے زیادہ جھلس جانے کے باعث زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے کرن جاں بحق ہوگئی۔ مقتولہ کی میت کو پوسٹ مارٹم کیلئے روانہ کردیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ تینوں ملزمان گرفتار کر لیے گئے ہیں۔ ملزمان سے واقعے پر تفتیش کی جائے گی۔ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے ملزمان کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل اسلام آباد کے علاقے کرپا میں 7 سال کی بچی کو آگ لگا کر زندہ جلا دیا گیا۔
اسلام آباد کے کرپا پولیس اسٹیشن میں بچی کے والد کی مدعیت میں پڑوسی خاتون اور ایک نامعلوم نوجوان کیخلاف تعزیرات پاکستان کی دفعات 302، 436، 201 اور 34 مقدمہ درج کرلیا گیا۔