سائنسدانوں کی تحقیق بے شمار سربستہ رازوں کو سامنے لارہی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ شدید طوفان ساحلی شہروں کو سمندر میں ڈوبنے سے بچا سکتے ہیں کیونکہ وہ سطحِ سمندر میں اضافے کو روکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق عموماً ساحلی طوفانوں کے تناظر میں تصاویر ساحلوں، ٹیلوں، املاک اور اردگرد کے بنیادی اسٹرکچر کو ہونے والے نقصان کی طرف توجہ دلاتی ہیں تاہم طوفان سے فوائد بھی ہوتے ہیں، یہ ایک ماضی میں کی گئی تحقیق میں سامنے آیا۔
دو سال قبل کیے گئے تحقیقاتی مطالعے سے محققین کو علم ہوا کہ شدید موسمی طوفان گہرے پانیوں یا قریبی ساحلوں سے نئی ریت لا کر ساحلوں کو سطحِ سمندر میں اضافے کے اثرات سے بچانے کیلئے اہم کام سرانجام دے سکتے ہیں۔
آج سے 2سال قبل جولائی 2022 کو یونیورسٹی آف نیو ساؤتھ ویلز کی واٹر ریسرچ لیبارٹری کے ڈاکٹر مچل ہارلے کی قیادت میں یہ مطالعہ نیچر کمیونیکیشنز ارتھ اینڈ انوائرمنٹ نامی جریدے میں شائع ہوا جس کے نتیجے میں اہم انکشافات سامنے آئے۔
محققین کا کہنا تھا کہ ہم جانتے ہیں کہ شدید طوفان بڑے پیمانے پر ساحلوں کے کٹاؤ اور ساحلِ سمندر کی املاک کونقصان پہنچاتے ہیں۔ پہلی بار ہم نے شدید طوفانوں کے اثرات کا پانی کے اوپر ہی نہیں، نیچے بھی مشاہدہ کیا۔
تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر ہارلے نے مزید کہا کہ شدید طوفانون کے اثرات پانی کے نیچے بھی بہت گہرے ہوتے ہیں۔ ہم نے پایا کہ ان طوفانوں کے دوران سیکڑوں ہزاروں کیوبک میٹر ریت ساحل پر آجایا کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ممکنہ طور پر شدید طوفان موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث سمندر کی سطح میں اضافے کے کچھ اثرات کو دور کرنے کیلئے کافی ثابت ہوسکتے ہیں جن میں ساحلی پٹی کا پیچھے ہٹنا، ڈوب جانا اور دیگر حقائق شامل ہیں۔