لاہور: نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی تقریب حلف برداری آج ہوگی،حلف برداری کی تقریب کا انعقاد گورنر ہاؤس میں کیا جائے گا، مریم نواز شریف اور وزیر اعظم شہباز شریف کی شرکت بھی متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس میں ہوگی،تاہم گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ حمزہ شہباز سے حلف نہیں لیں گے۔ تقریب رات 8 بجے ہو گی۔
وزیر اعظم شہباز شریف بھی آج لاہور پہنچیں گے اور اپنے بیٹے کی تقریب حلف برداری میں شرکت کریں گے۔ مسلم لیگ ن کے رہنما عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ اسمبلی سیکرٹریٹ نے حمزہ شہباز کی کامیابی کا نوٹیفکیشن گورنر ہاؤس کو پہنچا دیا ہے۔
ادھر گورنر ہاؤس کے ترجمان نے حمزہ شہباز سے حلف نہ لینے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسمبلی سیکرٹریٹ سے طلب کی گئی اسمبلی میں تشدد سے متعلق رپورٹ کی بنیاد پر فیصلہ کیا جائے گا۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے ایم پی اے حمزہ شہباز کو وزیراعلیٰ پنجاب منتخب کیا گیا جب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور اتحادی جماعتوں نے ہنگامہ آرائی کے بعد اجلاس کا بائیکاٹ کیا،جس کے بعد پولیس کو اسمبلی میں داخل ہوتے دیکھا گیا۔
دوست مزاری کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس کو کچھ اراکین کی جانب سے دوست مزاری پر حملہ کرنے اور پنجاب پولیس کو اسمبلی میں بلانے کے بعد موخر کردیا گیا تھا، بعد ازاں حکمران اتحاد کے اراکین اسمبلی اور مشترکہ اپوزیشن اراکین کے درمیان لڑائی ہوئی جس کے نتیجے میں چوہدری پرویز الٰہی زخمی ہوگئے۔
حمزہ شہباز اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار تھے جبکہ پی ٹی آئی اور اتحادی جماعتوں نے سابق سپیکر پرویز الٰہی کی حمایت کی۔
مزید پڑھیں: پی پی پی بلاول بھٹو کا 22 اپریل کو کراچی میں استقبال کرے گی۔سعید غنی