وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے پیش گوئی کی ہے کہ آزادی مارچ ختم ہو رہا ہے اور مولانا اسلام آباد چھوڑ کر جا رہے ہیں جبکہ حکومت کے 5 سال پورے ہوں گے۔
وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ کچھ دنوں سے جمہوریت کی آڑ میں ریاست کے خلاف زبان استعمال کی گئی جبکہ ہمارا دشمن ملک بھارت پاکستان کے اداروں پر تنقید چاہتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: فضل الرحمان اچھے آدمی، ضمانت ملے تو ملاقات کروں گا۔آغا سراج درانی
شیخ رشید احمد نے کہا کہ کنٹینر پر چڑھ کر جو زبان مولانا فضل الرحمان ریاست کے خلاف استعمال کر رہے ہیں، وہ کسی صورت پاکستان کے مفاد میں نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی خواہش ہے کہ پاکستان کے ریاستی ادارے کمزور پڑ جائیں اور مسئلۂ کشمیر پر کوئی بات نہ ہو، حکومت اس مسئلے کو پس پشت ڈال دے۔
وزیر اعظم عمران خان کی تعریف کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ عمران خان کی حکومت نے دانش مندی سے آزادی مارچ کے مسئلے کو حل کیا ہے۔ صرف ایک دو روز میں تمام مسائل حل ہوجائیں گے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے ٹرین حادثے کی ذمہ داری مسافروں پر عائد کرتے ہوئے تیز گام آتشزدگی کو مسافروں کی غلطی قرار دے دیا۔
راولپنڈی میں 31 اکتوبر کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ ٹرین کی 3 بوگیاں آتشزدگی سے متاثر ہوئی ہیں جبکہ دینی اجتماع میں جانے والے لوگ ان پر سوار تھے۔
مزید پڑھیں: وزیر ریلوے شیخ رشید نے ٹرین آتشزدگی کی ذمہ داری مسافروں پر ڈال دی