اسلام آباد، پراسرار حالات میں جاں بحق لیڈی کانسٹیبل کے قتل کا مقدمہ درج

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

پراسرار حالات میں جاں بحق لیڈی کانسٹیبل کا مقدمہ درج، قتل کی دفعات شامل
پراسرار حالات میں جاں بحق لیڈی کانسٹیبل کا مقدمہ درج، قتل کی دفعات شامل

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پراسرار حالات میں جاں بحق لیڈی کانسٹیبل کی وفات پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جس میں قتل کی دفعہ بھی شامل کر لی گئی۔ پولیس نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا۔

تفصیلات کے مطابق آب پارہ پولیس نے سینئر پولیس افسر کے گھر میں جاں بحق جواں سال لیڈی کانسٹیبل کی موت پر تحقیقات کیں۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق لیڈی کانسٹیبل زہریلی چیز کھانے کے باعث جاں بحق ہوئیں۔ ورثاء کانسٹیبل کی میت تدفین کیلئے لے گئے۔

یہ بھی پڑھیں:

کراچی میں پولیس مقابلہ، داؤد چورنگی میں فائرنگ کرنے والا ملزم ہلاک

جاں بحق لیڈی کانسٹیبل کا تعلق مانسہرہ سے بتایا جاتا ہے تاہم والدین کراچی میں مقیم ہیں، ایس پی عارف شاہ کا تعلق مانسہرہ سے ہے۔ ذرائع کے مطابق 8روز قبل ایس پی کے صاحبزادے کی شادی ہوئی اور مبارکبادوں کے دوران ہی لیڈی کانسٹیبل انتقال کرگئیں۔

اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ متوفیہ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ ایک دو روز میں سامنے آجائے گی۔ آئی جی کے حکم پر ایس ایچ او تھانہ آب پارہ کی مدعیت میں قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔ واقعے کی تفتیش کیلئے تحقیقاتی کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی۔

مبینہ قتل کا یہ واقعہ آج سے 2 روز قبل تین بجے دن کے وقت پیش آیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق لیڈی کانسٹیبل اقراء 2019 میں اسلام آباد پولیس میں بھرتی ہوئیں اور انہیں پولیس لائنز ہیڈ کوارٹر میں تعینات کیا گیا۔

جمعہ کے روز لیڈی کانسٹیبل 11 بجے بینک جانے کیلئے نکلیں، پھر 3 بجے واپس ایس پی عارف شاہ کے گھر آئیں جہاں ان کا انتقال ہوا۔ ایس پی عارف شاہ نے اپنے ملازم کے ہمراہ لیڈی کانسٹیبل اقراء کو پولی کلینک ہسپتال اسلام آباد پہنچایا۔

ڈاکٹروں نے لیڈی کانسٹیبل کی وفات کی تصدیق کردی۔ ایس پی عارف شاہ کا کہنا ہے کہ اقراء میری بیٹیوں کی طرح تھی، جب وہ گھر آئی تو اچانک خون کی الٹیاں کرنے لگی۔ ہسپتال میں انتقال کی تصدیق ہوئی۔ ان کی میت پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کی گئی۔

آئی جی اسلام آباد نے واقعے کی انکوائری کیلئے کمیٹی تشکیل دے کر رپورٹ طلب کرلی ہے۔ کمیٹی کی سربراہی ڈی آئی جی آپریشنز کر رہے ہیں جبکہ دیگر افسران میں ایس ایس پی انوسٹی گیشن، اے آئی جی آپریشنز، ایس پی ہیڈ کوارٹرز اور ایس ڈی پی او سہالہ شامل ہیں۔ 

Related Posts