کیف: یوکرین میں پاکستانی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ 98 فیصد پاکستانی شہریوں کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے جبکہ 40کے قریب اب بھی وہاں پھنسے ہوئے ہیں۔
ایک ٹویٹ میں سفارتخانے نے بتایا کہ جنگ زدہ ملک سے 1463 پاکستانیوں کو بحفاظت نکال لیا گیا ہےتاہم آٹھ شہری یوکرین ہنگری کی سرحد پر انخلاء کے انتظار میں ہیں جب کہ تقریباً 30 پاکستانی کیف، خارکیف، ماریوپول، سومی اور خیرسون میں موجود ہیں۔
سفارت خانے کے حکام کا کہنا ہے کہ پاکستانیوں کی محفوظ واپسی کیلئے روس اور یوکرین سے رابطہ کیا ہے جبکہ پاکستان کا سفارت خانہ یوکرین سے کام جاری رکھے ہوئے ہے اور تمام خدمات فراہم کر رہا ہے۔
قبل ازیں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر نوئیل کھوکھر نے یوکرائن کے نائب وزیر داخلہ سے ملاقات کی جس میں جنگ زدہ ملک سے پاکستانی شہریوں کے انخلا کی سہولت پر تبادلہ خیال کیا۔
واضح رہے کہ روس کے یوکرین پر حملوں میں شدت آتی جارہی ہے اور روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ انہیں یقین ہے کہ کچھ غیر ملکی رہنما روس کے خلاف جنگ کی تیاری کر رہے ہیں تاہم ماسکو یوکرین میں اپنی فوجی کارروائی کو آخر تک جاری رکھے گا۔
مزید پڑھیں:روس کی گولہ باری، یوکرین میں ایٹمی پاورپلانٹ میں آگ لگ گئی، بڑی تباہی کا خدشہ