اسلام آباد:شہر اقتدار میں پاک چائنہ سینٹر سے ملحقہ علاقے کا رہائشی نوجوان جو دونوں ٹانگوں سے معذور ہے اس کے باوجود کبھی کسی کے آگے ہاتھ نہیں پھیلائے، محمد فاروق کا کہنا ہے کہ محنت کرکے روزی کمانا پسند کرتا ہے۔
ایم ایم نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے محمد فاروق علی حیدر نے بتایا کہ میں والدین کا اکلوتا بیٹا ہوں میں نے کلاس چہارم تک تعلیم حاصل کی ہے، بچپن میں مجھے پولیو ہوگیا تھا،جس کے باعث میں معذور ہوگیا تھا۔
محمد فاروق کا کہنا تھا کہ بہت علاج معالجہ کرایا تھا لیکن مکمل صحتیاب نہ ہو سکا،میرے والدین نے میری دونوں ٹانگوں کا آپریشن کرایا لیکن بد قسمتی آپریشن بھی کامیاب نہ ہوسکا۔
میرے والد سپورٹس کمپلیکس بورڈ میں ملازم ہیں،میں گھر میں فارغ بیٹھا رہتا تھا تو میں نے سوچا کہ والدین پر بوجھ نہیں بننا چاہئے، پھر میں نے اپنے گھر کے قریب ہی ایک چھوٹا سا ٹیبیل لگا لیا اور اس پر چیپس منرل واٹر اور ٹافیاں وغیرہ رکھ کر بیچنا شروع کر دیں۔
عرصہ ڈیڑھ سال سے میں محنت کر رہا ہوں میں نے آج تک بھیک نہیں مانگی اور نہ کسی سے خیرات لی ہے،مجھے کوئی اگر اضافی پیسے دیتا ہے تو میں نہیں لیتا،میں چاہتا ہوں کہ مخیر حضرات میری بس اتنی مدد کر دیں مجھے الیکٹرک وہیل چیئر لے دیں۔
مزید پڑھیں: دونوں ہاتھوں سے محروم سکندر نے معذوری کو مجبوری نہیں بننے دیا